فلسطین میں الفتح اورحماس گروپ پر مشتمل اتحادی حکومت کے وزرا نے حلف اٹھا لیا

Fatah, Hamas

Fatah, Hamas

غزہ (جیوڈیسک) فلسطین میں صدر محمود عباس کی الفتح اور حماس گروپ کے وزرا پر مشتمل مخلوط حکومت نے حلف اٹھالیا ہے جب کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے عالمی برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ فلسطین کی مشترکہ حکومت کو تسلیم نہ کریں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الفتح اورحماس کی قیادت نے فلسطین کی فلاح و بہبود کے لئے ساتھ چلنے پر اتفاق کیا ہے،مخلوط حکومت 17 وزرا پر مشتمل ہےجس میں ٹیکنو کریٹس اورغیر جانبدار شخصیات شامل ہیں جبکہ وزیراعظم رمی الحمد اللہ اپنی ذمہ داریاں اسی طرح انجام دیتے رہیں گے۔

سرکاری ٹی وی پر اپنے خطاب میں صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت 2015 کے انتخابات اور اسرائیل کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات کے لئے راہ ہموار کرنے کے لئے کام کرے گی جبکہ اسرائیل کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا حق فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے پاس ہوگا۔

دوسری جانب فلسطینی قیادت اتحادی حکومت کے قیام میں مصروف تھی کہ اسی دوران اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضائی حملے کے ساتھ فوجی کارروائی کی بھی گئی جبکہ سرحد پر دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔