رام اللہ (جیوڈیسک) امریکا کی سربراہی میں فلسطین اسرائیل امن معاہدہ کے لئے کی جانے والی تمام کوششیں بے نتیجہ ثابت ہوئیں جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان سرحدوں کے تعین تک امن کا قیام ممکن نہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے اور خطے میں امن کی بحالی کے لئے گزشتہ سال جولائی سے کوششیں جاری تھیں تاہم طویل کوششوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ نہ ہوسکا۔
جس کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب تک فلسطین کی سرحدوں کا تعین نہیں کرلیا جاتا اس وقت تک اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی تخلیق کے بعد سے کوئی نہیں جانتا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان سرحدیں کہاں تک ہیں تاہم وقت آگیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کو اپنی اپنی سرحدوں کا تعین کرلینا چاہئے۔