فلسطین نے عالمی عدالت کی رکنیت کیلئے کوششیں شروع کر دیں

Mahmoud Abbas

Mahmoud Abbas

رملہ (جیوڈیسک) فلسطین نے جرائم کی عالمی عدالت کی رکنیت حاصل کرنے کے لئے کوششوں کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں فلسطینی صدر محمود عباس نے ’روم سٹیچیوٹ‘ نامی معاہدے پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔ یہ معاہدہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے قیام کے وقت عمل میں لایا گیا تھا۔

جرائم کی عالمی عدالت کی رکنیت ملنے پر فلسطین اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات دائر کر سکے گا۔ فلسطین کی جانب سے جرائم کی عالمی عدالت کی رکنیت کے حصول کا اعلان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل سے تین برس میں فلسطینی علاقے خالی کرنے کے مطالبے پر مبنی قرارداد مسترد کئے جانے کے فوری بعد سامنے آیا ہے۔ فلسطینی صدر نے رملہ میں 20 مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جن میں جرائم کی عالمی عدالت کو تسلیم کرنے کا معاہدہ بھی شامل تھا۔ اس اقدام کو فلسطین کے آئی سی سی کا حصہ بننے کے سلسلے میں پہلا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر محمود عباس کا کہنا تھا کہ ہم شکایت کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں اپنے اور اپنی سرزمین کے خلاف جارحیت کا سامنا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سلامتی کونسل نے ہمیں مایوس کیا ہے۔

خیال رہے کہ محمود عباس نے رواں برس ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا مرتکب ہوا ہے۔ وہ اس معاملے کو جرائم کی عالمی عدالت میں لے جائیں گے۔ ادھر اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو نے فلسطین کے تازہ اقدام پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل جوابی کارروائی کرے گا اور اپنے فوجیوں کا دفاع کرے گا۔ نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فلسطینی اتھارٹی ہے جس نے ایک دہشتگرد گروپ حماس سے مل کر حکومت بنائی ہے۔

حماس دولتِ اسلامیہ کی مانند جنگی جرائم کا ارتکاب کرتی ہے اور یہ معاملہ ہیگ میں جرائم کی عالمی عدالت کے لئے باعثِ تشویش ہونا چاہیے۔ امریکہ کے محکمہ خارجہ کی جانب سے بھی اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں فلسطینی اعلان کو حالات مزید بگاڑنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں بات چیت پی امن کے حصول کا حقیقی راستہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت جانے کا قدم مکمل طور پر نقصان دہ ثابت ہو گا۔