غزہ (جیوڈیسک) فلسطین میں عید کے روز بھی مائیں اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتی رہیں اور غزہ میں جاری صیہونی بربریت سے مزید 10 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ میں گزشتہ 21 روز سے جاری بربریت اور سفاکیت میں اب تک 1060 سے زائد نہتے فلسطینی شہید جب کہ 6 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
گزشتہ روز اسرائیل نے 12 گھنٹے کے لئے جنگ بندی کے اعلان سے قبل غزہ پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر ہو گئیں جب کہ جنگ بندی جنگ بندی ختم ہوتے ہی صیہونی افواج نے ایک بار پھر درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۔
اپنی سفاکانہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا جس کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد شہید ہو چکے ہیں۔ حماس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی میں تل ابیب پر بم برسائے گئے جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا۔
ادھرغزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے دوران کی جانے والے امدادی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی بمباری کا نشانہ بننے والی عمارتوں کے ملبے سے 150 سے زائد لاشیں برآمد ہوئی ہیں، بیشتر لاشیں غزہ کے علاقوں بیتِ حانون، خان یونس اور شجاعیہ سے ملی ہیں۔