دمشق (جیوڈیسک) غزہ میں اسرائیل سے برسرپیکار تنظیم حماس کے سربراہ خالد مشعل کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام جنونی یا بنیاد پرست نہیں بلکہ اپنی سرزمین پر قابضین کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
حماس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی اپنے ہمسایوں کے ساتھ قبضے کی حالت میں نہیں رہ سکتے، ہم یہودیوں، عیسائیوں، عربوں اور غیر عربوں سب کے ساتھ اکٹھا رہنے کو تیار ہیں لیکن قابضین کے ساتھ رہنے کے لئے تیار نہیں۔ فلسطینی جنونی نہیں نہ ہی ہم بنیاد پرست ہیں۔
ہم یہودیوں سے اس لئے نہیں لڑرہے کہ وہ یہودی ہیں۔ ہماری لڑائی قابضین کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتی، ہمارا موقف واضح ہے کہ فلسطینی ریاست اپنے معرض وجود میں آنے کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ غزہ میں گزشتہ 3 ہفتوں سے اسرائیل نے آگ و خون کا بازار گرم کر رکھا ہے اور اب تک بمباری میں ایک ہزار 100 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔