اسلام آباد (جیوڈیسک) فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے جبکہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سمیت تمام اہم سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے۔
وزیر اعظم نے اسرائیلی جارحیت اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کومطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فوری طور پر بربریت بند کی جائے۔
دوسری جانب تحریک انصاف،ا ہلسنت و الجماعت اورمجلس وحدت مسلمین سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کرنے کا اعلان بھی کررکھا ہے۔
واضح رہے کہ 8 جولائی سے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے دوران 800 سے زائد نہتے فلسطینی شہید اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ طاقت کے نشے میں چور صیہونی فوج اسکول، مساجد اور اسپتالوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔