فلسطینی صدر کی غزہ کا کنٹرول ختم نہ کرنے پر حماس سے اتحاد ختم کرنے کی دھمکی

Mahmoud Abbas

Mahmoud Abbas

قاہرہ (جیوڈیسک) فلسطین کے صدر محمود عباس نے غزہ کا کنٹرول ختم نہ کرنے پر حماس اور الفتح کے درمیان اتحاد کے خاتمے کی دھمکی دے دی۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے محمود عباس کا کہنا تھا کہ فلسطین میں متوازی حکومتوں اور انتظامیہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے ہم ملک میں صرف ایک نظام حکومت اور ایک ہی مقتدر چاہتے ہیں۔ غزہ اور مغربی کنارے میں قومی حکومت اب تک عملی طور پر کچھ نہیں کرسکی ہے جس کے باعث مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے حماس کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ سے متعلق اپنی پالیسیاں تبدیل کرے، اگر حماس نے علاقے میں اپنا قبضہ ختم نہ کیا اور غیر ضروری معاملات میں مداخلت جاری رکھی تو ان کی قومی حکومت میں شراکت ختم ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب حماس کے رہنما اسماعیل رضوان نے محمود عباس کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نئی شراکت داری اور مزاحمت کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش میں ہیں۔