مقبوضہ بیت المقدس (جیوڈیسک) اسرائیلی پارلیمنٹ کے انتہا پسند ڈپٹی سپیکر موشے ویگلین نے انتہا پسند یہودیوں کے ایک گروپ کے ہمراہ قبلہ اول پر دھاوا بولا اور مسجد اقصیٰ میں گھس کرمذہبی رسومات ادا کیں۔
اقصیٰ فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ موشے ویگلین کے ہمراہ کم سے کم 16 انتہا پسند یہودی آباد کار بھی قبلہ اول میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ ادھر فلسطینی خواتین کے قبلہ اول میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کی اجازت ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے عائدہ پناہ گزین کیمپ پر حملہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج کی کا رروائی پر مشتعل فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا جبکہ اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر ربڑ کی گو لیاں بر سائیں جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔