فلسطینیوں کا قتل عام؛ اہل غزہ کے حق میں دنیا بھر کے عوام سراپا احتجاج

Protests

Protests

غزہ (جیوڈیسک) اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلم ممالک سمیت عالمی قیادت تو خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے تاہم اہل غزہ کے حق میں دنیا بھر کے عوام سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

اور اسرائیل کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مغربی کنارے کے علاقے میں ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاج کیا اور غزہ کے شہریوں سے بھائی چارے اور یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔

فرانس حکومت اسرائیل کے خلاف عوام کا احتجاج نہ کچل سکی، اتوار کے روز غزہ کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلی کے شرکا کا پولیس سے تصادم بھی ہوا۔ مشتعل مظاہرین نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کی اور دکانوں میں لوٹ مار بھی کی جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس کو آنسو گیس اور ربرکی گولیوں کا استعمال کرنا پڑا۔

یورپ کے دیگر شہروں ویانا، ایمسٹرڈیم، اسٹاک ہوم میں بھی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ بولیویا کے دارالحکومت لاپاز میں ہزاروں مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کے باہر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے فلسطینی پرچموں کے علاوہ پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

جن پر امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، ٹائون ہال کے سامنے مظاہرہ کیا اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھارے رکھے تھے۔

جن میں اسرائیل سے فوجی آپریشن فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ادھر بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرہ ہوا۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام احتجاج میں مظاہرین نے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور بھارتی حکومت کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین نے اسرائیل سے غزہ میں فوجی آپریشن فوری بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔