مقبوضہ بیت المقدس (جیوڈیسک) اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اور فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف 43 سابق اسرائیلی فوجیوں نے پیشہ ورانہ خدمات سے انکار کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق ان فوجیوں نے اسرائیلی وزیراعظم،آرمی چیف اور انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم کے بعد فوج میں دوبارہ خدمات سرانجام نہیں دیں گے۔
ایک قومی میگزین میں شائع کئے گئے خط میں مزید لکھا ہے کہ ہم مزید اس سسٹم کو اپنی خدمات پیش نہیں کر سکتے جس میں لاکھوں لوگوں کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں۔خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ وہ فلسطین کے خلاف کسی بھی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔
اسرائیلی اہلکاروں نے فوج اور انٹیلی جنس کے اہلکاروں اور اسرائیلی عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بھی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز اٹھائیں تاکہ لاکھوں لوگوں کو ان کا حق مل سکے۔