کراچی (جیوڈیسک) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان منور حسن نے کہا ہے کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا اور غزہ کے مسلمانوں کا ساتھ دینا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔
حماس کے مجاہدوں نے یہودیوں کے دانت کھٹے کرنا شروع کردیے ہیں ، یہودیوں کے بدترین مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ بن چکی ہے، غزہ کے معصوم مسلمانوں کی پکار امت مسلمہ کو یکجا اور متحد کرنے کا سبب بنے گی۔
یہ بات انہوں نے ناظم آباد نمبر 4 میں منعقدہ عوامی افطار سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند ہونا شروع ہو چکی ہے ، مسلمان ہوں یا غیر مسلم سب اس ظلم پر بیدار ہو کر امریکا اور اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
آج پوری امت مسلمہ فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اور بے غیرت حکمرانوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی انقلابی تحریکوں کی حمایت و اعانت کریں اور ہماری جدوجہد مکمل اسلامی انقلاب تک جاری رہے گی۔
سید منور حسن نے فلسطینی عوام کے جذبہ جہاد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے مجاہدین نے اسرائیلی سورمائوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔