پالپا کی فلائٹ آپریشن بحالی کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو ڈیڈ لائن

PIA

PIA

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن نے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فلائٹ آپریشن آج ہی بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

پالپا نے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو آج ہی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اور مسافروں کا مزید نقصان برداشت نہیں کر سکتے، 3 دن کا سوگ مکمل ہو چکا، پائلٹس اب کام پر جائیں گے۔ پالپا حکام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی تو فلائٹ آپریشن بحال کردیں گے۔

دوسری جانب پالپا کے صدر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ پالپا نے جب کبھی بھی ہڑتال کی تو قوائد و ضوابط کو مد نظر رکھا، جس روز پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بند ہوا اس روز بھی دوپہر 2 بجے تک تمام فلائٹس معمول کے مطابق اڑائی گئیں عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ فلائٹ آپریشن بند کرنے کے نہ پہلے حق میں تھے اور نہ اب ہیں، ہمیں ہڑتال پر جانے کے لئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ اگر پالپا نے ہڑتال نہ کی تو پائلٹس کے ٹکڑے کر دیں گے۔

دھمکی دینے والے لوگوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ہڑتال کیلئے مجبور کیا انھی لوگوں نے دھمکیاں بھی دیں، میرے پاس تمام دھمکیاں ریکارڈ کی صورت میں موجود ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ چکا ہوں جب کہ تمام ثبوتوں کے ساتھ جلد مقدمہ بھی درج کراؤں گا۔