لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ موبائل فون ضرورت تو ہے مگر رات بھر باتیں کرنا ضرورت نہیں، نئے ٹیکس لگانے کے حوالے سے حکومت کے خلاف پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لینا اور پاوں پر کھڑا ہونا ہے تو کچھ نہ کچھ ٹیکس تو اکٹھا کرناہی پڑے گا۔
رانا ثنا اللہ پنجاب اسمبلی کے باہر زرائع سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف کرپشن ثابت ہو جائے تو ان کا گریبان پکڑا جا سکتا ہے، رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ راتوں میں 4، 5 گھنٹے باتیں کرنیوالوں کو چاہیے کہ کچھ نہ کچھ حکومت کو بھی دیں، کراچی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 5 سال تک برسرِاقتدار رہنے والی جماعتوں نے کراچی کے حالات خراب کئے۔
ان جماعتوں کے عسکری ونگز ہیں، انہیں بھتہ خوروں کے بارے میں پتہ بھی ہے، کراچی کے تاجر خود پولیس کے ملوث ہونے کا کہتے ہیں ، الطاف حسین کے سوال پررانا ثنا اللہ نے کہاکہ الطاف حسین برطانوی شہریت رکھتے ہیں، عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے ہم انہیں مجرم نہیں ٹھہرا سکتے۔