پانامہ اور ارجنٹائن میں امریکہ، برطانیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے

Panama

Panama

پانامہ سٹی (جیوڈیسک) پاناما میں جنوبی امریکہ کے ممالک کے اجلاس کے موقع پر مظاہرہ کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سینکڑوں لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر پاناما سٹی یونیورسٹی کے سامنے امریکہ مخالف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے امریکہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے اور وینزویلا کو امریکہ کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دینے پر مبنی بارک اوباما کے اقدام کی مذمت کی۔ براعظم امریکہ کے ممالک کے سابقہ سربراہی اجلاسوں میں کیوبا پر پابندیاں برقرار رکھنے اور ان اجلاسوں میں کیوبا کی شرکت کی مخالفت کی بناء پر واشنگٹن کو عموماً تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

براعظم امریکہ کے رکن ممالک کے ساتویں سربراہی اجلاس میں کیوبا نے پہلی مرتبہ شرکت کی ہے۔ علاوہ ازیں ارجنٹائن کے عوام نے دارالحکومت بیونس آئرس میں امریکہ اور برطانیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے بیونس آئرس میں امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیا اور امریکہ و برطانیہ کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہر ین نے جزائر مالویناس پر برطانوی قبضے پر امریکی حمایت کی شدید مذمت کی۔ارجنٹائن کے عوام نے امریکی صدر کے اس بیان کی بھی مذمت کی جس میں انھوں نے وینزویلا کو سیکورٹی کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ مظاہرین نے اس سلسلے میں امریکی صدر کی خصوصی ہدایت منسوخ کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرین نے کاراکاس کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کی بھی مذمت کی۔