بنی گالہ (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی سماعت سے نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔
بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ پوری حکومت اس وقت صرف وزیر اعظم کی کرپشن چھپانے میں مصروف ہے، جبکہ حکومت کا ایک نمائندہ شیروانی کیلئے جدوجہد کر رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نے پاکستان میں لفافہ صحافت متعارف کروائی جس کے صحافت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ، انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاناما کیس کا انجام قریب ہے اور ایک دو دن میں اس کیس کا فیصلہ آجائے گا۔
ہمیں سپریم کورٹ کا شکر گزار ہونا چاہیئے کیونکہ یہاں کیس کی سماعت ہونے سے عوام کو نواز شریف کی کرپشن کے حوالے سے آگاہی ہوئی ، سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ دے دی ہمیں امید ہے کہ اس سے ملکی سیاست میں بہتری کی راہ ہموار ہوگی۔