اسلام آباد (جیوڈیسک) پاناما کیس کی تحقیقات کا فائنل مرحلہ شروع، جے آئی ٹی نے حسن نواز کے بعد اسحاق ڈار کو بھی آج طلب کر لیا۔ حسین نواز کی منگل اور مریم نواز کی بدھ کو پیشی، رپورٹ دس جولائی کو جمع کرائی جائے گی۔
جے آئی ٹی کی مدت کا آخری ہفتہ، تہلکہ خیز فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف اور دونوں صاحب زادوں کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی آج طلب کر لیا گیا۔
وزیر خزانہ دوپہر 3 بجےجوڈیشل اکیڈمی میں پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں گے۔ انہیں ضروری دستاویزات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے پہلے وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن نواز آج تیسری بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے، وہ اس سے قبل دو بار جے آئی ٹی میں سوالات کے جواب دے چکے ہیں۔ جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے دوسرے صاحبزادے حسین نواز کو منگل جبکہ صاحبزادی مریم نواز کو بدھ کے روز طلب کر رکھا ہے۔