اسلام آباد (جیوڈیسک) پاناما کیس میں نیب کے پراسیکیوشن ونگ نے شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز کو کلئیر قرار دے دیا۔
نیب پراسیکیوشن ونگ میں شریف خاندان کے خلاف کلیئر ہونیوالے ریفرنسز میں ایووین فیلڈ، عزیزیہ سٹیل ملز، آف شور کمپنیاں جبکہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف زائد اثاثوں کا ریفرنس شامل ہے۔
کلیئر ہونیوالے ریفرنسز آپریشنز ونگ کو ارسال کر دیئے گئے جو کل چاروں ریفرنسز ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے پیش کرے گا، جن کی منظوری کے بعد چاروں ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے جائیں گے۔
واضح رہے قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس نیب ہیڈکوارٹر بھجوا ئے تھے جس میں نوازشریف، ان کے بچوں اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے اور نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی گئی تھی۔