کراچی (جیوڈیسک) پانامہ کیس کے اثرات سٹاک مارکیٹ پر اثرانداز ہونے لگے، کاروباری ہفتے کے دوران انڈیکس 266 پوائنٹس گرگیا۔
پانامہ کیس سے متعلق غیر یقینی کی صورتحال سٹاک مارکیٹ پر مسلسل اثر انداز ہورہی ہے،یہی وجہ ہے کہ گذشتہ چند روز سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا کاروباری حجم کافی حد تک گر چکا ہے جس کے باعث انڈیکس 48 ہزار کی حد بھی برقرار نہ رکھ سکا۔
پانامہ کیس سے متعلق خبروں اور مسقبل کی پالیسوں میں تسلسل کے حوالے سے پائی جانے والی بے چینی نے مقامی سرمایا کاروں کو شیئرز کی فروخت پر مجبور کردیا،دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے شیئرز کی کم قیمتوں کو دیکھتے ہوئے 93 لاکھ ڈالر کی خریداری کی۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز 48 ہزار 155 پوائنٹس کی سطح سے ہوا، مگر پانامہ کیس کے حوالے سے مختلف افواہوں کے باعث سٹاک مارکیٹ 48 ہزار کی سطح برقرار نہ رکھ سکی اور ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ 266 پوائنٹس کی کمی کے بعد 47 ہزار 889 پوائنٹس پر بند ہوئی۔