لاہور (جیوڈیسک) چودھری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی پیشی کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہو رہی، ہم تو بنچوں پر بیٹھ کر پیشی بھگتتے رہے ہیں جبکہ حسین نواز آرام سے بیٹھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن اس سے اتحاد کرینگے جو پاکستان کے ساتھ ہو گا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ قانون ہمیشہ غریب اور کمزور کیلئے ہوتا ہے، حکمران خاندان کے احتساب سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔
عدالت کلیئر کر دے تو نواز شریف بے شک وزیر اعظم رہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ اب بھی سپریم کورٹ نے احتساب نہ کیا تو پاکستان میں کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو سکے گا، کیس سننے والوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے عید کے بعد الیکشن ریفارمز پر راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا اعلان بھی کیا۔