اسلام آباد (جیوڈیسک) کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پانامہ لیکس نے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اب دنیا کے ایک ایک گاؤں میں پانامہ لیکس کا ذکر ہو رہا ہے۔
آج پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پانامہ لیکس کے انکشافات کا جائزہ لیا گیا۔ پانامہ لیکس کے انکشافات مستند ہیں اور چالیس سال پر محیط ڈیٹا دنیا کے سامنے رکھا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا پانامہ لیکس میں پاکستان کے بہت سے نامور لوگوں کا ذکر ہے اور ہمارا ملک کرپشن کی نذر ہو رہا ہے۔ ہر بچہ ایک لاکھ 10 ہزار کا مقروض پیدا ہو رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا بلاتفریق مال بنانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے اور اس احتساب کی زد میں کوئی بھی آئے کرپشن کو بے نقاب کرنا ہو گا۔