اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے مجوزہ کمیشن کے ضابطہ کار متفقہ طور پر تیار کرنے کے حوالے سے بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا نوٹی فیکشن جاری کر دیا، کمیٹی کا پہلا اجلاس کل شام چار بجے ہو گا۔
حکومت نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے مجوزہ کمیشن کے ٹی او آرز طے کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی قیام کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، نوٹی فکیشن کے مطابق بارہ رکنی کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 6،6 ارکان شامل ہیں۔
حکومتی ارکان میں اسحق ڈار ، خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق ، انوشہ رحمان ، اکرم درانی اور حاصل بزنجو شامل ہیں جبکہ اپوزیشن ارکان میں اعتزاز احسن ، شاہ محمود قریشی ، صاحبزادہ طارق اللہ ، بیرسٹر سیف ، طارق بشیر چیمہ اور الیاس بلور بھی کمیٹی میں شامل ہیں ، پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل شام 4 بجے طلب کرلیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی پاناما پیپرز ، آف شور کمپنیوں ، قرضوں کی معافی اور کک بیکس کی تحقیقات کے لئے ٹی او آرز تیار کرے گی۔