فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اسد معظم نے وفاقی دارالحکومت میں جنرل راحیل شریف کے حق میں لگنے والے بینرز کو حکومت کی بہت بڑی سازش قراردیتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس سے بچنے کے لیے اب حکمران غیروں کے ذریعے افواج پاکستان کو خود اقتدار سنبھالنے کا مشورہ دے رہے ہیں مگر وہ یاد رکھیں۔
جنرل راحیل شریف جو کہ شہداء کے وارث ہیں وہ کسی صورت بھی خلاف آئین کوئی اقدام نہیں کریں گے اور نہ وہ حکمرانوں کی کسی خواہش کے آگے سرجھکائیں گے’ انہوں نے کہاکہ ایک ایسی تنظیم جو آج تک گمنام ہے اور اس کا کوئی اتہ پتہ ہے نہ وہ الیکشن کمیشن میںرجسٹرڈ ہے وہ کس طرح اسلام آباد میں ایسے بینرز لگا سکتا ہے کہ بینرز لگانے والے کسی کی نظر میں نہ آسکے’ وزیرداخلہ چوہدری نثار جو خود کو ”عقل کل” سمجھتے ہیں وہ قوم کو جواب دیں کہ ان کی ناک کے نیچے یہ سب کیسے ہوا ہے۔
ڈاکٹر اسدمعظم نے مزیدکہا کہ عید خیروعافیت سے گزر گئی ہے مگر اب حکمرانوں کی خیر نہیں ہے کیونکہ عمران خان کی ملک واپسی کے فوراً بعد تحریک انصاف سڑکوں پر آنے کی کال دے گی پھرحکمرانوں کی تمام سازشیں ناکام ہو جائیں گی اوروہ جسے مدد کے لیے پکار رہے ہیں وہ بھی انہیں بچانے کیلئے آگے نہیں آئیں گے۔