لندن (جیوڈیسک) پاناما لیکس میں برطانوی وزیراعظم کی جانب سے آف شور کمپنی کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے کے معاملے پر اپوزیشن نے ڈیوڈ کیمرون سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن رہنما جرمی کاربن نے آف شور کمپنی کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے کے معاملے پر وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں کیونکہ انھوں نے آف شور کمپنی کا معاملہ کئی برسوں تک چھپائے رکھا۔
جرمی کاربن نے مزید کہا کہ آف شور کمپنی کے معاملے پر ڈیوڈ کیمرون نے عوام کو گمراہ کیا اس لئے لیبر پارٹی ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے احتجاج کرے گی، ڈیوڈ کیمرون آف شور کمپنی کا معاملہ پارلیمنٹ میں لائیں اور تمام معاملات واضح کریں۔ دوسری جانب ترجمان ٹین اسٹریٹ کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ کیمرون نے قانون کے مطابق تمام چیزیں ظاہر کی تھیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاناما لیکس نے دنیا بھر کے حکمرانوں، سیاستدانوں اور دیگر شخصیات کی جانب سے خفیہ طریقے سے دولت بنانے اور ٹیکس چھپانے کے لئے آف شور کمپنیوں سے متعلق ایک کروڑ 10 دستاویزات جاری کی تھیں جس میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا نام بھی شامل تھا۔
پاناما لیکس میں ڈیوڈ کیمرون پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انھوں نے اپنے والد کی آف شور کمپنی سے مالی فوائد حاصل کئے۔ ڈیوڈ کیمرون نے بھی اپنے والد کی آف شور کمپنی کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے کا اعتراف کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے 2010 میں یہ کمپنی 30 ہزار پاؤنڈ میں فروخت کر دیئے تھے۔