اسلام آباد (جیوڈیسک) پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے کپتان پیچھے ہٹنے کو تیار ہیں نہ پارلیمانی کمیٹی پر راضی ہیں۔ کہتے ہیں انکوائری کمیشن صرف چیف جسٹس کی سربراہی میں ہی قبول کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 24 مارچ کو تفصیلی لائحہ عمل دیں گے۔ رائے ونڈ مارچ فوری آپشن نہیں تاہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، رمضان سے پہلے فائنل کارڈ کھیل جائیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا لندن میں تین کمپنیوں کے ماہرین سے ملاقات ہوئی۔ انھوں نے یقین دلایا ہے کہ پاکستانی حکومت فیصلہ کر لے تو آف شور اکاؤنٹ تلاش کرنا مشکل نہیں۔
کپتان نے احتساب سے متعلق آرمی چیف کے بیان کو قوم کی آواز قرار دیدیا۔ کپتان کا مزید کہنا تھا شوکت خانم اسپتال اور فلڈ ریلیف فنڈ میں ایک پائی کا ہیر پھیر نہیں، الزام تراشیاں کرنیوالے بلیک میل کر رہے ہیں۔