اسلام آباد (جیوڈیسک) حکمران جماعت کی سینئر قیادت نے پاناما لیکس کے معاملے پر انکوائری کمیشن کی سربراہی کیلئے جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی کے نام پر اتفاق کر لیا ۔ کمیشن کی تشکیل سے متعلق دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر حتمی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ن لیگ کی سینئر قیادت کا وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاناما لیکس پر مجوزہ تحقیقاتی کمیشن اور اس کے دائرہ کار سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کمیشن کی سربراہی کیلئے جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی کے نام پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کی تشکیل پر سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کو اعتماد میں لے کر حتمی قدم اٹھایا جائے گا۔
اجلاس میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے اور توانائی ، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں جاری منصوبوں کو اسی رفتار سے جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وزیر اطلاعات پرویز رشید ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وزیر تجارت خرم دستگیر ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر قانون زاہد حامد ، وزیر سرحدی امور عبدالقادر بلوچ ، سینیٹر مشاہد اللہ ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان اور وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے شرکت کی۔