اسلام آباد (جیوڈیسک) شہر اقتدار میں اعتزاز احسن کے گھر نو رکنی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ تحقیقاتی کمیشن کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی پیش کردہ سفارشات کا جائزہ لیا۔ پندرہ نکات پر اتفاق بھی ہو گیا۔
کمیٹی کے فائنل کردہ ٹی او آرز میں وزیراعظم اور ان کے خاندان کے احتساب کا مطالبہ سر فہرست رکھا گیا ہے۔
صدراتی آرڈیننس کے ذریعے کمیشن کی تشکیل، کمیشن کو قانونی تحفظ کی فراہمی اور بین الاقوامی فارنزک ماہرین سے تحقیقات کے مطالبے بھی پندرہ نکات میں شامل ہیں۔ کمیٹی نے تحقیقاتی رپورٹ انکوائری کمیشن کے سامنے رکھنے کے نکتے پر بھی اتفاق کیا۔
اپوزیشن کمیٹی ٹی او آرز پر تو متفق ہو گئی لیکن وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے پر اختلافات جوں کے توں ہیں۔ کمیٹی کے اجلاس میں یہ معاملہ زیر بحث ہی نہیں آیا۔
ذرائع کہتے ہیں نو رکنی کمیٹی کے پاس استعفے کے مطالبے پر فیصلے کا مینڈیٹ ہی نہیں تھا ۔ میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی بھی سوال کا جواب گول کر گئے۔ اجلاس میں اعتزاز احسن، حامد خان، اسداللہ بھٹو، مشاہد حسین، شیخ رشید احمد، اسرار اللہ زہری اور انیسہ زیب طاہر خیلی نے شرکت کی۔