اسلام آباد (جیوڈیسک) پاناما لیکس پر حکومت کا مجوزہ کمیشن مسترد۔ عمران خان چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن سے تحقیقات پر ڈٹ گئے۔
بنی گالہ میں پی ٹی آئی کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان نے ہر فورم پر آواز بلند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات پر موقف تبدیل نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے بعد لوگوں کا مورال کچھ نیچے آ گیا تھا۔ پاناما لیکس سے اس میں اضافہ ہوا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لندن میں فارنزک ماہرین سے بات کی حکمرانوں کے خلاف جلد مزید ثبوت سامنے آنے والے ہیں۔
اس سے پہلے میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ حکومتی کمیشن مک مکا کی بنیاد پر بن رہا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمشن کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر دیگر جماعتوں سے بات چیت کی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
عمران خان کہتے ہیں کوئی ساتھ آئے یا نہ آئے پاناما لیکس کی تحقیقات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کے خلاف جلد مزید ثبوت سامنے آنے والے ہیں۔