اسلام آباد (جیوڈیسک) ایوان سے واک آؤٹ کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کو بہت بڑا موقع دیا تھا۔
وزیراعظم نے اسمبلی میں وضاحت دینے کی کوشش کی اور انہوں نے بہت انکشافات کئے جن کا ذکر افسانے میں نہیں تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا ہمارے 7 سوال ویسے کے ویسے ہیں ہمیں جواب نہیں ملا اُلٹا سوالوں کی تعداد 70 ہو گئی۔
سادہ سے 7 سوال تھے جن کی وضاحت چاہتے تھے اور ان کے ’وضاحت نامے‘ میں 7 سوالوں کا ذکر نہیں تھا۔ خورشید شاہ نے کہا محسوس کیا کہ پارلیمنٹ میں ایک دوسرے کو بُرا بھلا کہنے کی بجائے عوام میں جانے کو ترجیح دیں گے۔
اب سب سے بڑا جج 20 کروڑعوام ہوں گے۔ خورشید شاہ نے کہا متحدہ اپوزیشن کا کل اجلاس صبح 10 بجے ہو گا اور آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔ اعتزاز احسن نے بات کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے کہا کہ 2005ء میں لندن کے فلیٹس خریدے لیکن ہمارا سوال تھا شریف خاندان نے یہ فلیٹ کب خریدے؟۔