لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا کہ تحریک انصاف اصل اپوزیشن ہے، دیگر سیاسی جماعتیں پانامہ لیکس کے ایشوپر اس کے ساتھ ہیں کہ نوز شریف اور ان کی فیملی کا احتساب ہونا چاہئے، تاہم ہمارا اٹل فیصلہ ہے کہ اگر حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے مشاورت سے TOR مرتب نہ کئے توہم سڑکوں پر نکلیں گے، ہمارے ساتھ پیپلز پارٹی بھی سڑکوں پر آئے گی تو ہمیں خوشی ہو گی۔
وہ گزشتہ روز چئرمین سیکرٹریٹ میں اعجاز احمدچوہدری،میاں محمودالرشید، عبدالعلیم خان ، صمصام بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد صدیق اور فاطمہ چدھڑ بھی موجود تھے۔جہانگیر ترین نے مذید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف جنرل الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اس کے لئے تیار ی شروع کردی گئی ہے، الیکشن بے شک 2017 ء یا 2018 ء میں ہوں۔
اس سلسلے میں تحریک انصاف نے تنظیم سازی کو تیز کردیا ہے اورپارٹی عہدوں کو فعال بنانے پر کام شروع ہوگیا ہے ، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف الیکشن کمشن میں نوازشریف کی نااہلی کے لئے رٹ پٹیشن دائر کرچکی ہے اور الیکشن کمیشن کوہماری درخواست پر فوری عملدرآمد کرنا چاہئے ، ہم عدالت اور سپریم کورٹ میں جائیں گے، اگر انصاف نہ ملاتو ہمارے لئے آخری راستہ احتجاج ہوگااور یہ احتجاج شریف فیملی کی نااہلی تک جاری رہے گا۔