اسلام آباد (جیوڈیسک) پاناما کا ہنگامہ، آصف زرداری کے بلانے پر رحمان ملک بھی لندن چلے گئے، لندن روانگی سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر انٹرپول کو تحقیقات کرنی چاہیے یہ معاملہ ٹھنڈا نہیں ہو گا۔
رحمان ملک کی جانب سے انٹرپول کے سیکرٹری جنرل کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سب سے پہلے پاناما کے صدر کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، بطور سیکرٹری پاناما لیکس کے ذمہ داروں کا تعین کرنا آپ کا فرض ہے، انٹر پول اعلی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے ، خط میں کہا گیا ہے کہ پاناما لیکس کو پاناما لیکس ہی رکھیں ایسا نہ ہو یہ جمہوری یا معاشی لیکس بن جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے اور توڑ پھوڑ کا حصہ نہیں بنیں گے، جارحانہ سیاست کرنی ہے تو پھر سلطان راہی بن جائیں۔
آصف زرداری کے لندن قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ بیماری کے باعث برطانیہ میں ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے آصف زرداری کی ملاقات سے متعلق رحمان ملک نے کہا کہ بلاول بھٹو واضح کر چکے ہیں، آصف زرداری نواز شریف سے نہیں ملیں گے۔