اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کا سربراہ بننے سے معذرت کر لی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی ان کی ناں میں ہاں ملا دی۔
پاناما لیکس کی تحقیقات، اونٹ کسی کروٹ بیٹھنے کو نہیں تیار ۔ ججوں کے بعد چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا بھی مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کا سربراہ بننےسے انکار ۔ چیئرمین سینیٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو جواب میں کہا ہے کہ وہ سینٹ کے کسٹوڈین ہیں ، کمیٹی کی سربراہی ان کیلئے مناسب نہیں۔
تحقیقات کے لئے درکار وائٹ کالر کرائم میں مہارت بھی ان کے پاس نہیں ۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اکثریت رائے یہی ہے کہ فرانزک آڈٹ فرم کے تحت تحقیقات کرائی جائیں۔
ادھر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رضا ربانی کے انکار کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صدر کی غیر موجودگی میں قائم مقام صدر کے فرائض انجام دیتے ہیں ، ان کیلئے پاناما لیکس انکوائری کرنا مناسب نہیں۔