پنجشیر کی فتح پر طالبان کی کابل میں ہوائی فائرنگ، 17 ہلاک اور 41 زخمی

Taliban

Taliban

کابل (اصل میڈیا ڈیسک) طالبان کے پنجشیر میں شدید لڑائی کے بعد فتح یابی کے دعوے پر کابل میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کی جانب سے پنجشیر میں فتح کے دعوے کے بعد کابل ہوائی فائرنگ سے گونج گیا۔ ہنجشیر فتح کرنے کی خبر کی تسدیق نہ ہونے کے باوجود طالبان مسلسل ہوائی فائرنگ کر کے جشن مناتے رہے۔

ہوائی فائرنگ سے اتنے بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی ٹوئٹ میں طالبان جنگجوؤں کو ہدایت کی ہے کہ اللہ کا شکر ادا کریں۔ ہوائی فائرنگ سے گریز کریں جو ہتھیار اور گولہ بارود آپ کے ہاتھ میں ہے اسے ضائع کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔ سرد گولیاں عام شہریوں کو زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں اس لیے بلا ضرورت گولی نہ چلائیں۔

طالبان کی مقامی قیادت کی جانب سے پنجشیر کو فتح کرنے کے دعوے کے 20 گھنٹوں کے بعد بھی آزاد ذرائع یا طالبان کے ترجمانوں سے حتمی تصدیق نہیں ہو سکی ہے جب کہ مزاحمتی فورس کے ترجمان نے بتایا کہ طالبان کے ساتھ گھمسان کی لڑائی جارہی ہے اور طالبان کو وادی میں داخل ہونے میں ناکامی ہوئی ہے۔

دریں اثناء اشرفی غنی دور کے نائب صدر اور طالبان مخالف گروہ کے رکن امر اللہ صالح نے ایک مقامی ٹی وی کو بتایا کہ ان کے ملک سے فرار ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ امر اللہ صالح نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمیں مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہم آخری دم تک طالبان کے خلاف لڑیں گے۔