پنوں عاقل (جیوڈیسک) پنوں عاقل کے قریب کورائی کینال میں شگاف پڑ گیا، سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں، محکمہ آبپاشی کے عملے کی غفلت کے باعث پانی نے کئی دیہاتوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ گزشتہ رات تقریباً 2 بجے کورائی کینال میں 15 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔
محکمہ آبپاشی کے عملے کی غفلت اور موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع نہ کرنے کے باعث شگاف کی چوڑائی 40 فٹ تک پہنچ گئی ۔ پانی سے سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں ، جبکہ پانی نے کئی دیہاتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کورائی کینال کے شگاف سے نکلنے والا پانی قومی شاہراہ تک پہنچ گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پاک فوج کے جوان بھاری مشینری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ کورائی کینال میں شگاف محکمہ آبپاشی کی نااہلی کے سبب پڑا ہے۔
نہر کے کنارے کھڑے تمام درخت نامعلوم افراد کاٹ کر لے جا چکے ہیں۔ عملے کی غفلت کی وجہ سے حفاظتی بند سے مٹی اٹھائے جانے کے واقعات بھی معمول بن گئے ہیں ۔ ڈائریکٹر سیڈا غلام یاسین نے غفلت برتنے پر 3 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے ۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔