پاراچنار (جیوڈیسک) پارا چنار دھماکے کے بعد ملک کی فضا سوگوار ہے، شہر میں کاروباری مراکز بند ہیں، دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہو گئی۔
ہسپتال میں 87 زخمی زیر علاج ہیں، پارا چنار میں دھماکے نے سب کو غم زدہ کر دیا۔ افسوسناک واقعے پر شہر میں فضا سوگوار ہے، ہر آنکھ اشکبار ہے، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں، ہر طرف سوگ کا سماں ہے، دھماکے میں زخمی 87 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
دھماکے کا ایک اور زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہوگئی ۔ شدید زخمی پشاور کے ہسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔
گورنر اقبال ظفر جھگڑا بھی سی ایم ایچ پہنچے اور شہداء کے ورثا کیلئے تین تین لاکھ، زخمیوں کے لئے ڈیڑھ لاکھ تک امداد کا اعلان کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگرد اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بارہ کلو دھماکا خیز مواد پھلوں کی پیٹی میں رکھا گیا تھا جس میں بال بیرنگ اور کیل بھی شامل تھے۔