کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ مغرب دنیا بھر میں تہذیبی جنگ کو سول میڈیا اور ملحدین کے ذریعے لڑرہاہے،مسلم نوجوان سوشل میڈیا کے مثبت اور تعمیری استعمال کو فروغ دیں ، انٹرنیٹ رابطوں کا موثر ذریعہ ہے ترقی کیلئے اس کا درست استعمال ضروری ہے ،والدین اپنے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر نظر رکھیں، انٹرنیٹ کے ذریعے نوخیز ذہنوں میں زہر بھراجارہاہے جس سے معاشرتی خرابیاں پیدا ہورہی ہیں۔
گزشتہ روز جامعہ بنوریہ عالمیہ میں بلاگرز کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ مذہبی طبقے کیلئے انٹرنیٹ سمیت دیگر جدید سہولیات سے فائدہ اٹھانا انتہائی ضروری ہوگیا ہے ،سوشل میڈیاتیزی سے ترقی کے منازل طے کررہاہے جہاں اپنی آواز پہنچانے میں دن لگتے تھے آج سیکنڈ لگتے ہیں،اسلام نے جدید علوم سے مستفید ہونے سے منع نہیں کیاہے بلکہ حوصلہ افزائی کی ہے ، اسلام ہر چیز کو مثبت اور تعمیری استعمال کی اجازت دیتاہے نوجوان سوشل میڈیا کے مثبت اور تعمیری استعمال کو یقینی بنائیں ،انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں ملحدین اسلام کیخلاف سرگرم ہیں جہاں تیزی سے لوگوں کو نظریاتی طور تبدیل کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں وہی پر مسلم ممالک اور کمیونٹیز کو باہم لڑانے کی کوششیں بھی عروج پر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مغرب مسلمانوں کیخلاف اسلحے کی جنگ ہارچکا ہے اب دنیا عالم اسلام کیخلاف تہذیبی جنگ سوشل میڈیا کے ذریعے سے لڑرہی ہے، مختلف لوگوں کو خرید کر ان کے ذریعے سے شعائر اسلام اور پیغمبر اسلام کی توہین کی جاتی ہے،جس کا مقصد مسلمانوں کے دلوں سے اسلام کی محبت نکالنے کی مذموم کوشش ہے ، انہوں نے کہاکہ باطل روز اول سے اسلام کیخلاف سرگرم ہے مگر اب وقت کے ساتھ ساتھ طریقہ واردات بدل کر ہماری ثقافت اور مذہب پر حملہ آور ہے وقت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو بھی جدید اشیا سے مکمل فائدہ اٹھانا ہوگا اور یہ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔