کراچی : ممتاز مدرس سید حسین احمد مدنی نے کہا ہے کہ رمضان کی برکتیں حاصل کرنے کے لئے اپنے والدین کو راضی کرنا لازمی ہے، اس کے بغیر رمضان کی برکتیں حاصل نہیں ہوسکتیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی نارتھ ناظم آباد زون اور جماعت اسلامی زون معمار کے زیر اہتمام شادمان اور ہادیہ آباد سوسائٹی میں 20 روزہ فہم القرآن کلاس کے آخری دن خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 20، 25 سال پہلے 90 کی دہائی میں اس شہر میں استقبال رمضان کی سنت متروک ہوگئی تھی جماعت اسلامی نے اس سنت کو دوبارہ اس شہر میں زندہ کیا اور آج ہر گلی، محلے اور علاقہ میں سیکڑوں استقبال رمضان کی محافل منعقد ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ استقبال رمضان نبی اکرم ۖ کی ایک مستقل سنتوں میں سے ہے، رمضان میں اللہ کی رحمتیں اور برکتوں کا نزول بے پایاں ہوتا ہے لہذا اس کی بندگی بھی بے پایاں ہونی چاہئے، رمضان بندگی رب کی تربیت حاصل کرنے کا مہینہ ہے۔ رمضان میں قرآن سے تعلق جوڑ کر نمازوں کا باجماعت تکبیر اولی کے ساتھ اہتمام اور تہجد میں اپنے رب کے حضور سجدہ ریز ہو کر بندگی رب کے اعلیٰ مقام پر پہنچا جاسکتا ہے۔