لندن (جیوڈیسک) یورپی ممالک افغانستان اور عراق میں دفاعی اخراجات کی کمی اور عالمی سطح پر معاشی انحطاط کے باوجود حالیہ عالمی صورتحال کے پیش نظر اپنی دفاعی پالیسیوں پر نظر ثانی کر رہے ہیں۔
اس تناظر میں فرانس کے رافیل جیٹ بنانے والے ادارے ڈیزالٹ ایوی ایشن نے دس ہزار فوجی افراد کو فارغ کرنے کا منصوبہ ترک کر دیا ہے جب کہ جرمنی نے اپنے دفاعی بجٹ میں 11.7 ارب ڈالر اور برطانیہ نے 24.9 ارب ڈالر اضافہ کر دیا ہے۔
اٹلی نے بھی اس بجٹ میں کوئی ڈیڑھ ارب ڈالر کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان اضافوں سے اسلحہ ساز کمپنیوں کے کام میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔
یہ اضافہ اس حوالے سے بھی ضروری قرار دیا جا رہا ہے کہ عالمی سطح پر کشیدگی بڑھ رہی ہے اور گزشتہ روز ترکی کے ہاتھوں روس کے جنگی جہاز کی تباہی اس کی ایک مثال ہے۔