پیرسے ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں تین گھنٹے کمی ہوجائیگی،مشیر خزانہ

Dr. Shahid Amjad

Dr. Shahid Amjad

اسلام آباد : مشیر خزانہ ڈاکٹر شاہد امجد نے کہا ہے کہ پیرسے ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں تین گھنٹے کمی ہوجائے گی اور تیل سے بجلی بنانے کے لیے مزید 45 ارب روپے جاری کیے جائیں گے، الیکشن تک بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا۔

بجلی بحران پر مشیر خزانہ ڈاکٹر شاہد امجد ، وزیر پانی وبجلی ڈاکٹر مصدق ملک اور وزیر پیٹرولیم سہیل وجاہت نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ نگران حکومت بجلی کیلئے 20 ارب روپے جاری کر چکی ہے، مزید 10 ارب روپے اپریل کے اختتام تک اور 35 ارب روپے مئی میں جاری کیے جائیں گے جس سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا

نگراں وفاقی وزیرپیٹرولیم سہیل وجاہت صدیقی نے بتایاکہ دو دن کے اندر بجلی گھروں کو مزید 15کروڑ مکعب فٹ اضافی گیس فراہم کردی جائے گی۔ نگراں وفاقی وزیرپانی وبجلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پیرتک بجلی کی پیداوار 1900 میگاواٹ بڑھائی جائے گی، بجلی کی زیادہ لوڈ شیڈنگ پر قوم سے معافی مانگتے ہیں تاہم یقین دلاتے ہیں کہ اس میں کمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔