پیرس (جیوڈیسک) فرانسیسی دارالحکومت پیرس کی ایک عمارت میں آگ لگنے کے سبب آٹھ افراد ہلاک جبکہ 28 دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق اس آٹھ منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے سلسلے میں ایک خاتون کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پیرس کے وسطی حصے میں واقع ایک آٹھ منزلہ عمارت میں یہ آگ آج منگل پانچ فروری کو مقامی وقت کے مطابق نصف شب کے بعد ایک بجے کے قریب لگی۔ آگ بھڑک اٹھنے کے بعد اس عمارت کے رہائشی بعض لوگوں نے آگ کے شعلوں اور دھوئیں سے بچنے کے لیے قریبی عمارتوں کی چھتوں پر پناہ لے لی۔
پیرس فائر سروس کے ترجماں کلیمے کوگناں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہمیں بہت سے لوگوں کو وہاں سے نکالنا پڑا، جن میں وہ لوگ بھی شامل تھے جنہوں نے قریبی عمارتوں پر پناہ لے رکھی تھی۔‘‘
زخمی ہونے والوں میں آگ بجھانے والے دو کارکن بھی شامل ہیں۔
متاثرہ عمارت کے ارد گرد کی عمارات کو خالی کرا لیا گیا اور فائر بریگیڈ کا عملہ صبح دیر تک آگ بجھانے میں مصروف تھا۔ زخمی ہونے والوں میں آگ بجھانے والے دو کارکن بھی شامل ہیں۔
قبل ازیں ہلاکتوں کی تعداد سات بتائی گئی تھی۔ پیرس کے مستغیث ریمی ہائٹز نے نے صحافیوں کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد اب آٹھ ہو گئی ہے جبکہ اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں کہ آیا اس کی وجہ کوئی ’مجرمانہ ‘ کارروائی تھی۔ ہائٹز کے مطابق تحقیقات کے سلسلے میں ایک خاتون زیر حراست ہیں۔