پیرس (اے کے راؤ) فرانس کے وزیر خزانہ Emmanuel Macron ایمینوئیل میکرون نے کہا کہ اگر جون کے ریفرنڈم کے بعد برطانیہ یورپی یونین سے الگ ہونے کا فیصلہ کرتا ہے تو ان کا ملک تارکین وطن کو بغیر کسی چیک کے برطانیہ جانے دینے کی اجازت دے سکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے فرانس کے شمالی شہر Amiens, امیاں میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور فرانس کے صدر فرانسوا اولاند کی سکیورٹی اور پناہ گزینوں کے بحران پر بات چیت کے لیے ملاقات کے موقع پر کہی۔
یاد رہے 23 جون کو برطانیہ میں ریفرینڈم ہو رہا ہے جس میں عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ موجودہ حالات میں یوپین یونین کے ساتھ رہیں گے یا نہیں۔ ملک کی وزیرِ داخلہ ٹریسا مئی ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ کھڑی ہیں جبکہ وزیرِ قانون مائیکل گوو اس خیال سے متفق ہی نہیں بلکہ وہ یورپی یونین کو چھوڑنے کے حق میں ووٹ ڈالنے کی مہم چلائیں گے۔
یو کے انڈپینڈنس پارٹی کے نائجل فراج برطانیہ کو یورپین یونین سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اس وقت ڈیوڈ کیمرون کی حکومت کے سخت ناقد ہیں۔