پیرس (جیوڈیسک) یونین آف یورپین فٹبال ایسوسی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ اب اگر کسی میچ کے دوران روسی شائقین کی جانب سے گڑ بڑ کی گئی تو روسی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا جائے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس اور انگلینڈ کے درمیان میچ کے دوران شائقین کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے بعد یوروکپ 2016 کی سیکیورٹی پر کئی سوالات اٹھنے لگے ہیں جب کہ یورپین فٹبال فیڈریشن نے دھمکی دی ہے کہ اگر روسی شائقین کی جانب سے آئندہ کسی میچ میں گڑ بڑ کی کوشش کی گئی تو روسی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا جائے گا۔
یورپین گورننگ باڈی کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران گڑ بڑ پھیلانے اورنسلی تعصب پرمبنی نعرے لگانے میں روسی شائقین ہی ملوث تھے جب کہ روسی شائقین کی جانب سے آئندہ کسی میچ میں گڑ بڑ کرنے کی صورت میں روسی ٹیم کو جرمانے کے علاوہ یورو کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران حاصل کردہ پوائنٹس میں کٹوتی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے جب کہ انگلش فٹبال فیڈریشن نے یورپی فٹبال فیڈریشن کو احتجاجی خط میں لکھا ہے کہ روسی اور برطانوی شائقین کے درمیان واضح فرق کرنا چاہیئے کیوں کہ میچ کے دوران ماحول خراب کرنے والے روسی شائقین تھے۔
واضح رہے کہ یوروکپ مین روس اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا میچ برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی تھیں۔