پارکنگ فیس ختم کرنے کا فیصلہ، وہیکل ٹیکس کیساتھ وصول کی جائیگی

Parking

Parking

کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ عظمیٰ نے کراچی میں چارجڈ پارکنگ فیس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، شہر کی شاہراہیں اور سڑکیں استعمال کرنے والی گاڑیوں سے موٹروہیکل ٹیکس کے ساتھ سالانہ روڈ یوزر کی بنیاد پر چارجڈ پارکنگ فیس وصول کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے کراچی کی شاہراہیں اور سڑکیں استعمال کرنے والی گاڑیوں سے سڑکیں استعمال کرنے پر (روڈیوزر) سے سالانہ بنیاد پر چارجڈ پارکنگ فیس، موٹروہیکل ٹیکس کے ساتھ وصول کی جائے گی۔

اس سلسلے میں شہریوں سے جلد تجاویز حاصل کی جائیں گی اور اخبارات کے ذریعے شہریوں کو اس بارے میں مطلع کیا جائے گا بلدیہ عظمی اس وقت شہر کے مختلف چھوٹے بڑے 41 مقامات پر چارجڈ پارکنگ کی سہولت فراہم کر رہی ہے جس سے ادارے کو سالانہ 6کروڑ روپے کی آمدنی ہوتی ہے ان 41 مقامات میں سے9 مقامات پر مختلف ٹھیکیداروں کے ذریعے چارجڈ پارکنگ فیس وصول کی جاتی ہے، شہر کے کئی مقامات پر بلدیہ عظمیٰ کا عملہ یہ کام انجام دے رہا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ اس سے شہریوں کی چارجڈ پارکنگ سے متعلق شکایات کا خاتمہ ہونے کے ساتھ غیرقانونی چارجڈ پارکنگ سے بھی نجات ملے گی انھوں نے کہا کہ شہر اور شہریوں کے بہتر مفاد میں یہ فیصلہ کیا جارہا ہے، شہریوں کوپارکنگ کے وقت کہیں بھی فیس نہیں دینی ہوگی،غیرقانونی چارجڈ پارکنگ مافیا کاخاتمہ ہوگا اکثر شہری اس بات کی شکایات کرتے نظر آتے تھے کہ ان سے چارجڈ پارکنگ کی مقررہ فیس سے زیادہ رقم وصول کی جاتی ہے یا انھیں غیرقانونی چارجڈ پارکنگ کے ذریعے رقم دینے پر مجبور کیا جاتا ہے انھوں نے کہا کہ جہاں اس فیصلے سے شہریوں کو ریلیف ملے گا وہیں شہر سے غیرقانونی چارجڈ پارکنگ کرانے والے مافیا سے بھی شہریوں کو نجات مل جائے گی۔