پارکنگ مسائل ، حادثات سے بچاو ، سمارٹ کارز جلد دستیاب ہوں گی

Smart, Car

Smart, Car

واشنگٹن (جیوڈیسک) ایک ایسی کار جس میں کوئی سوار نہیں ہے ، کار پارکنگ میں بہت آہستہ رفتار سے داخل ہوتی ہے ، اگر کوئی پیدل وہاں سے گزر رہا ہو تو یہ کار رک کر انتظار کرتی ہے۔

پھر ایک تنگ سی پارکنگ کی جگہ میں ریورس ہو کر خود کار طریقے سے یہی کار پارک ہو جاتی ہے۔ اس سارے عمل کے دوران کار کے بمپر وغیرہ پر ذرا سی بھی خراش آنے کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔

یہ ٹیکنالوجی سویڈن کی مشہور کار ساز کمپنی والوو اور فرانس کی آٹو پارٹس میکر کمپنی والیو نے تیار کی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی ابھی تک پروٹوٹائپ سٹیج میں ہے تاہم چھ برس کے اندر اندر یہ صارفین کو دستیاب ہو سکے گی۔

اس وقت بھی بعض ایسی کاریں موجود ہیں جو خاص حالات میں خودکار طریقے سے خود کو ڈرائیو کر سکتی ہیں۔ جرمنی کی مرسیڈیز کی کوپے نام کی گاڑی کسی ایسی صورت میں جب ڈرائیور کار کو کسی ممکنہ حادثے سے بچانے میں ناکام ہو جائے، ایک آٹو میٹک طریقے سے خود کو روک سکتی ہے۔

ایک اور جرمن کمپنی بی ایم ڈبلیو کی بعض کاریں بھی ڈرائیور کو مطلع کرتی رہتی ہیں کہ وہ اپنی لین کو چھوڑ کر سفید لائن پر جا رہا ہے اور ٹریفک جام کی صورت میں آٹومیٹک پائلٹ پر جا سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بہت سی ٹیکنالوجی پہلے سے ہی موجود ہے ، لیکن اب ٹرننگ پوائنٹ یا انتہائی فیصلہ کن مرحلے پر پہنچ گئے ہیں۔ کار ساز اداروں کو یقین ہے۔

کہ اب وہ 2020 تک کاروں کے ایسے ماڈلز تیار کر چکے ہوں گے جو خود کار طریقے سے ڈرائیو ہو سکیں گی جبکہ 2030 تک مکمل طور پر خود کار روبوٹک کاریں مارکیٹ میں دستیاب ہو سکیں گی۔ ماہرین کے مطابق اس طرح حادثات میں بھی نمایاں کمی واقع ہو گی کیونکہ 90 فیصد تک ٹریفک حادثے دراصل انسانی غلطی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔