اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو جتنا نقصان جمہوریت نے پہنچایا اتنا کسی آمریت سے بھی نہیں ہوا۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم صرف احتجاج نہیں کررہے ہیں بلکہ بٹی ہوئی قوم کو ایک قوم بنا رہے ہیں کیونکہ ہم قوم کو تقسیم کرکے ووٹ نہیں لینا چاہتے اور نفرتیں پھیلا کر اسمبلیوں میں بھی نہیں جانا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ آج حکمران جمہوریت کی باتیں کرتے ہیں لیکن ان لوگوں کو جمہوریت کی کچھ سمجھ نہیں، پاکستان میں پارلیمنٹ کو جتنا نقصان جمہوریت نے پہنچایا اتنا تو کسی آمریت سے بھی نہیں ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان میں ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس سے ملک میں خوشحالی ہو، جہاں انسانیت کی قدر ہو اور ان کے حقوق دیئے جائیں کیونکہ جہاں حقیقی جمہوریت ہوتی ہے وہاں انسانیت کی بھی قدر ہوتی ہے، یورپ کی جمہوریت میں جانوروں کے بھی حقوق ہیں اور وہاں جانوروں کے ساتھ بھی اچھا سلوک کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں جیسا سلوک پولیس نے انسانوں کے ساتھ کیا ایسا تو جانوروں کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر موقع ملا تو پاکستان کو برطانیہ کی طرح فلاحی ریاست بنائیں گے جہاں ہر طبقے کے بچوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا اور غریب کے ساتھ ظلم کا خاتمہ ہو گا۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم سب سے پہلے تعلیم کا نظام ٹھیک کرکے یکساں تعلیمی نظام نافذ کریں گے، عدالتی نظام بھی درست کرکے نچلی سطح تک انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے کیونکہ کوئی کمزور طاقتور سے مقابلہ نہیں کرسکتا اسی لیے ہم قانون کو سب کے لیے برابر کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ حکمران آج بادشاہ بنے ہوئے ہیں شریف خاندان اقتدار کے ذریعے پیسہ بنا رہا ہے اور اپنے کاروبار کو چمکایا جارہاہے جبکہ ہم نے خیبرپختونخوا میں قانون بنایا ہے جس کے بعد اقتدار میں آکرحکمران اپنا کاروبار نہیں کرسکتے، ہم نئے پاکستان میں بھی ایسے قوانین بنائیں گے جہاں برسراقتدار لوگ شریف خاندان کی طرح کاروبار نہ کر سکیں۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے برطانیہ میں بڑی سرمایہ کاری کررکھی ہے وہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کیوں نہیں کرتے، حکومت لوگوں کو باہر سے پیسہ اپنے ملک میں منتقل کرنے کا کہتی ہے لیکن نواشریف اپنا پیسہ ملک میں واپس نہیں لاتے کیونکہ اگر یہ اپنا پیسہ واپس لے آئے تو ان کی کرپشن کا پول کھل جائے گا، نوازشریف سمیت اسمبلی کے 70 فیصد لوگ ٹیکس بھی ادا نہیں کرتے اگر حکمران ٹیکس نہ دیں تو عوام کو بھی ٹیکس دینے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جتنا قرضہ اس ایک سال میں لیا اتنا ملکی تاریخ میں کبھی نہیں لیا گیا، ٹیکس اکٹھا نہ ہونے کی وجہ سے قرضے لیے جارہے ہیں جس کےباعث قوم مہنگائی کے بوجھ تلے دب رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے سیاست کی کوئی ضرورت نہیں، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ سیاست میں اقتدار کے لئے نہیں آیا،ہمارا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کو حقیقی جمہوریت دلوائیں گے اور یہاں اداروں کو مضبوط اور ایک نظام بنائیں گے۔
عمران خان نے گرفتار کارکنان کی عدم رہائی پر آب پارہ تھانے کے گھیراؤ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم راولپنڈی اور اسلام آباد کے تھانوں کا سروے کرائیں گے جہاں بھی تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنان گرفتار ہیں انہیں رہا کرایا جائے گا اور اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو جو کچھ ہوگا اس کی ذمہ داری پولیس حکام کی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہیں تو خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو گرفتار کرلیں لیکن ہم امن پسند لوگ ہیں ایسا نہیں کریں گے، ہم مظلوموں کو ظالموں کے خلاف اکٹھا کرنے کے لئے نکلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج قوم کی شکلوں پر امید اور خوشی نظر آرہی ہے اور سب کو پاکستان میں ایک نیا سورج طلوع ہوتا نظر آرہا ہے۔