پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد قومی امنگوں کی ترجمان ہے: مولانا نیاز نقوی

Lahore

Lahore

لاہور : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے رہنما اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر مولانا سید نیاز حسین نقوی نے سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان آل سعود کے پاکستان کے بارے توہین آمیز کلمات کی مذمت کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بیان میں مولانا نیاز نقوی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد قومی امنگوں کی ترجمان ہے مگر اس پر سعودی وزیر کا بیان سفارتی آداب کی خلاف ورزی ، پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت اور خود اپنی بے بسی کا اظہار ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع کو اپنی حدود میں رہ کر بیان بازی کرنی چاہیے۔ سعودی امداد کو ”صدقہ”اور قرارداد کو خیانت سے تعبیر کرنا آل سعود کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔

پاکستان کو صدقات کا طعنہ دینے والے خود اپنے گریبان میں بھی جھانکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران بھی کشکول گدائی توڑنے کے زبانی دعوئوں کی بجائے عادلانہ نظام حکومت نافذ کر کے قدرتی وسائل سے استفادہ اور منصفانہ تقسیم کے ذریعہ خود انحصاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ اپنوں اور بیگانوں کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔