اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس کے دوران پارلیمانی رہنماؤں نے حکومت کو تحریک انصاف کے استعفے منظور نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے دوران عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کو خوش آئند قرار دیا گیا جبکہ پارلیمانی رہنماؤں نے حکومت کو منتبہ کیا کہ اگر موجودہ صورتحال میں تحریک انصاف کے استعفے منظور کئے گئے تو سنگین بحران پیدا ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھاکہ صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے، حکومت نے دھرنوں سے نمٹنے کے لئے صبر سے کام لیا اورامید ہے تحریک انصاف کا دھرنا بھی خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور جمہوریت کی بالادستی ملکی ترقی کا واحد راستہ ہے اور آئندہ اپنی غلطیوں اورکوتاہیوں سے بھی سیکھ کر آگے بڑھیں گے۔
اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے استعفے قبول کرنے سے سنگین بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے اس لئے چاہتے ہیں کہ استعفوں کی منظور موخر کی جائے تاکہ جمہوری نظام چلتا ہے، موجودہ سیاسی ماحول میں حکومت کو ضمنی انتخابات کی طرف جانے کے بجائے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنی چاہئے۔ اس موقع پر محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی نے جمہوریت کے لئے قربانی دی اور ہم سب نے ان کا ساتھ نہیں دیا جو قابل افسوس ہے۔