پارلیمنٹ لاجز ایشو پر بننے والی کمیٹی جانبدار ہے، جمشید دستی

Jamshed Khan Dasti

Jamshed Khan Dasti

لیہ (جیوڈیسک) آزادرکن قومی اسمبلی جمشید خان دستی نے کہاہے کہ پارلیمنٹ لاجزمیں جوکچھ ہورہا ہے، وہ قوم کوبتانا اپنا فرض سمجھتاتھا۔ میری کوئی بات جھوٹی ہوتو ممبران اسمبلی مجھ پرہتک عزت کادعویٰ کریں۔

دودھ کادودھ پانی کاپانی ہو جائے گا۔ ہفتے کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کے ایشوپر بننے والی کمیٹی جانبدار ہے۔ سپریم کو رٹ کے معزز جج صاحبان پر مشتمل کمیٹی بناکر 18 کروڑ عوا م کے نمائندوں کے کرتوت سامنے لائے جائیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثارسمیت وزیر، مشیر جو مجھ چپ رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں، خود اپنا احتساب کیوں نہیں کرتے۔ انھوں نے کہاکہ پورا جنوبی پنجاب چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال ہے۔

وقت آگیا ہے کہ ان کے خلاف بچہ بچہ اٹھ کھڑاہو تاکہ ہمارے نوجوان بھی اپرپنجاب کے نوجوانوں جیسے مواقع حاصل کر کے آگے آسکیں۔ جمشیددستی نے کہاکہ میاں برادران اور زرداری ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں۔ 18 کروڑ عوام اب فیصلہ کرلے کہ ان موروثی سیاستدانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ تھر میں پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمے دار صوبائی ووفاقی حکومتیں ہیں۔

انھوں نے کہاکہ حق اور سچ کاعلم بلند کرنا جرم ہے تو وہ یہ جرم کرتے رہیں گے۔ وڈیروں، سرمایہ داروں، جاگیرداروں کے مظالم کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ نعرے اور بلندبانگ دعوے کرنے والے جاگیرداروں کواب سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ آج کا نوجوان میراساتھ دے نہ دے، میراجہاد جاری رہے گا۔