ارکان پارلیمنٹ کو غیر ملکی ویزہ نہ ملنے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

visas

visas

اسلام آباد (جیوڈیسک) قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر حاجی عدیل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر کو متحدہ عرب امارات کے ویزے میں تاخیر پر کمیٹی کو تحقیقات کی درخواست دے گئی۔ فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ مخدوم امین فہیم کی زوجہ کو بھی جرمنی کا ویزہ نہیں دیا گیا۔

کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد کو بھی کینیڈا کا سفر کرنے کی اجازت نہی دی گئی جو تشویشناک ہے۔ حاجی عدیل نے ان تمام واقعات کی تحقیقات کیلئے مشاہد حسین سید، راجہ ظفر الحق اور طاہر مشہدی پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی۔ سیکریٹری دفاع لیفٹینٹ جنرل ﴿ر﴾ آصف یاسین ملک نے کمیٹی بریفنگ میں بتایا کہ اسرائیل، بھارت سمیت تمام ممالک کی ایئر لائنز ہماری فضائی حدود میں پرواز کر سکتی ہیں۔ صرف امریکہ میں یہ قانون ہے کہ تمام ایئر لائنز اپنے مسافروں کی فہرست فراہم کرتی ہیں جس پر سینٹر مشاہد حسین نے کہا کہ ہم نے متحدہ عرب امارات کو کُھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

وہ یہاں شکار کے لئے آتے ہیں، ان کہ جہاز بھی اترتے ہیں۔ سیکرٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان مشکوک پروازوں کو اتار سکتا ہے اور اتارا بھی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ خطے میں دہشتگردی کے باعث پاکستان کے کئی ملکوں کے ساتھ انٹیلی جنس ورکنگ ریلیشنز ہیں۔ سی آئی اے چیف کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران صرف آپریشنل معاملات پر بات ہوئی۔

ہمارے اعلیٰ حکام بھی باہمی تعلقات میں بہتری کیلئے بیرون ملک جاتے ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ ایران نے 6 لاپتہ سرحدی محافظوں کے معاملے پر پاکستان کیخلاف اقوام متحدہ سے کوئی شکایت نہیں کی۔ وزیراعظم نواز شریف جلد ایران کا دورہ کرینگے جس کی تاریخیں طے کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کسی دوسرے ملک میں فوج یا اسلحہ نہیں بھیج رہا۔

اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب اور بحرین سے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے لیکن ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر نہیں۔ اس کے پاکستان پر خطرناک اثرات پڑیں گے۔