اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ کے بہت سے اراکین ایسے ہیں جو بیرون ملک اثاثے اور کاروبار رکھتے ہیں ، ان میں سے کئی ایک کے بیرون ملک اثاثے سامنے بھی آگئے ہیں ،کس کے پاس کیا ہے۔ دی نیوز کے رپورٹر عثمان منظور کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ میں بیٹھے بہت سے اراکین ایسے ہیں جو بیرون ملک اپنے اثاثے، جائیدادیں اور کاروبار رکھتے ہیں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمان برطانیہ میں دس ملین روپے کی مالیت کا بزنس رکھتی ہیں ، خیبر پختونخوا کے سابق وز یر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی جو اب رکن اسمبلی ہیں، دبئی کی العقاب ٹرانسپورٹ میں شیئرز رکھتے ہیں جو ان کی اہلیہ کے نام پر ہیں، ان کی مالیت ایک لاکھ چوالیس ہزار درہم بتائی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی خلیل زمان اورکزئی، متحدہ عرب امارات کے علاقے اجمان میں ایک گھرکے ساتھ تین پراپرٹیز کے مالک ہيں ، جس کی مالیت دو ارب روپے بتائی گئی ہے۔ رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان، بیرون ملک مکہ کول مائنز کے نام سے کاروبار کے مالک ہیں جس کی مالیت صرف دو لاکھ چھبیس ہزار روپے بتائی گئی ہے۔سینیٹر جعفر اقبال ناروے میں ٹیکسی لائسنس رکھتے ہیں جس کی مالیت دو لاکھ کرونز بتائی گئی ہے۔
این اے 108 سے تحریک انصاف کے محمد اعجاز احمد چوہدری کویت پاکستان انٹرنیشنل کمپنی میں 49فیصد شیئرز کے مالک ہیں، جس کی مالیت 8لاکھ امریکی ڈالرز سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ این اے 172 سے رکن اسمبلی حافظ عبدالکریم نے بیرون ملک پراپرٹی میں 12 ملین روپے کی سرمایا کاری کر رکھی ہے اس کے علاوہ وہ ملک سےباہر 5ملین روپے کی پراپرٹی رکھتے ہیں۔این اے 196 سے رکن اسمبلی میاں امتیاز احمد ملک سے باہر ساڑھے 43 ملین روپے کی مالیت کا بزنس رکھتے ہیں۔این اے 206سے منتخب رکن قومی اسمبلی میر عامر علی خان مگسی نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات میں بتایا ہےکہ وہ دبئی میں 12 ملین روپے مالیت کے فلیٹ کے مالک ہیں۔
مسلم لیگ فنکشنل کے پیرسید صدرالدین شاہ راشدی برطانیہ میں اہلیہ کے نام پر پراپرٹی رکھتے ہیں جس کی مالیت 85 اعشاریہ 8 ملین روپے ہے اس کے علاوہ وہ مانچسٹر میں 101 ملین روپے مالیت کا فلیٹ بھی رکھتے ہیں۔پیپلز پاٹی کے مخدوم امین فہیم نے بتایا کہ دبئی میں ان کے دو فلیٹ ہیں جو بیوی کے نام پر ہیں اور ان کی مالیت 2 اعشاریہ 6ملین درہم ہے۔ ملک اسد سکندر کے پاس بنکاک میں 25 ملین روپے مالیت کے دو فلیٹس ہیں، ساتھ ہی دبئی کے برج خلیفہ میں بھی ان کا ایک فلیٹ ہے جس کی مالیت 75ملین روپے ہے۔
رکن قومی اسمبلی سہیل منصور خواجہ کے اجمان میں دو فلیٹس ہیں جن کی مالیت ساڑھے 3 ملین اور 3اعشاریہ 4ملین روپے ہے، اس کے علاوہ ان کے پاس لندن میں 11 ملین روپے مالیت کا ایک فلیٹ بھی ہے، کینیڈا میں ساڑھے 9ملین روپے مالیت کا اپارٹمنٹ بیوی کے نام پر ہے، اس علاوہ وہ کینیڈا میں ایک پلاٹ اور یونٹ کے مالک ہیں جس کی مالیت بالترتیب 28 اعشاریہ 5 ملین، 71 اعشاریہ 4 ملین روپے ہے۔رکن قومی اسمبلی علیزے اقبال حیدر کے دبئی میں دو فلیٹس ہں جو ان کے والد نے تحفہ کیے ہیں اور ان کی مالیت 1اعشاریہ 65 ملین درہم ہے۔ رکن قومی اسمبلی فرحانہ قمر برطانیہ میں 53 اعشاریہ 4ملین روپے مالیت کے گھر کی مالک ہیں۔