اسلام آباد (جیوڈیسک) ضمنی انتخابات میں پہلی بار سمندر پار پاکستانی بھی انتخابی عمل کا حصہ بنے اور ووٹ کاسٹ کیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے اور انہیں پہلے بطور ووٹر رجسٹرڈ کیا گیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن یکم ستمبر سے 17 ستمبرتک کی گئی اور وہ اپنی رجسٹریشن زائد المیعاد پاسپورٹ پر بھی کرسکتے تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کےوقت پاسپورٹ کی ضرورت نہیں تھی، ووٹرز کو ووٹر پاس ای میل آئی ڈی مہیا کیا گیا جس کے ذریعے انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
الیکشن حکام نے بتایا کہ سمندر پار 7364 پاکستانی بطور ووٹرز رجسٹر کیے گئے جن میں سے انٹرنیٹ کے ذریعے کل 6 ہزار 233 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
ضمنی انتخابات میں رجسٹرڈ 84 فیصد آئی ووٹرزنے ووٹ کاسٹ کیا، قومی اسمبلی کے 5117 آئی ووٹ کاسٹ ہوئے اور صوبائی اسمبلیوں کے 1116 آئی ووٹ کاسٹ ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سمندرپار پاکستانیوں نے پاس کوڈ سے بذریعہ انٹرنیٹ اپنا ووٹ پاکستانی وقت کے مطابق ہی کاسٹ کیا۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے مرکزی شکایات سیل کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بریفنگ دی۔
ڈی جی نے بتایا کہ بحرین سے پاس کوڈ سے متعلق شکایت ملی جس پر انہیں معلومات فراہم کی گئیں۔
واضح رہےکہ آج قومی اسمبلی کی 11 اورصوبائی کی 24 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔